واشنگٹن: امریکا کی جانب سے اسرائیل کی حمایت اور غزہ میں مسلسل فوجی کارروائی کے خلاف احتجاج کے لیے فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے واشنگٹن ڈی سی کے مرکز میں سڑکوں پر احتجاج کیا۔
فلسطین کا علاماتی اسکارف ”کیفیۃ“ پہنے اور پرچم تھامے مظاہرین نے ’دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہوگا‘ جیسے نعرے لگاتے ہوئے مظاہرین وائٹ ہاؤس کی طرف جانے والی سڑک پر جمع ہوئے، ان مظاہرین میں زیادہ تر نوجوان تھے۔
جب مارچ وائٹ ہاؤس پہنچا تو مظاہرین نے غزہ میں خونریزی کی علامت کے طور پر امریکی صدر رہائش گاہ کا شمال مغربی دروازہ سرخ رنگ سے رنگ دیا۔
مظاہرین نے 1948 کی عرب اسرائیل جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے ’ہمیں یہودی ریاست نہیں چاہیے۔ ہم 48 چاہتے ہیں‘ کے نعرے بھی لگائے۔مظاہرے کے دوران غزہ میں شہید ہوئے بچوں کے ناموں والی سفید علامتی لاشیں سڑک پر رکھی گئیں۔