میرپورماتھیلو: ضلع گھوٹکی میں پانچ پولیس افسران کو شہید کرنے میں ملوث بدنام زمانہ ڈاکو ثناء اللہ عرف ثنو شرکو پولیس نے راونتی کے کچے میں مقابلہ کے بعد گرفتارکرلیا،تفصیلات کے مطابق ضلع گھوٹکی اور پنجاب کے ضلع رحیم یارخان میں دہشت کی علامت ڈاکو ثناء اللہ شرعرف ثنو شرپولیس کے ہتھے چڑھ گیا،ایس ایس پی گھوٹکی محمد انورکھیتران نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈاکو ثناء اللہ شر کو مقابلے کے بعد راونتی کے کچے سے حراست میں لیا گیا،اسکے قبضے سے ایک کلاشنکوف اورگولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
گرفتارڈاکو گزشتہ سال پانچ پولیس افسران کو شہید اوردو مغویوں کو قتل کرنے میں ملوث تھا،وہ ضلع گھوٹکی و پنجاب کے ضلع رحیم یارخان میں بیس سے زائد اغواء،قتل،ڈکیتی،رہزنی کے مقدمات میں مطلوب تھا،جسکے سرکی قیمت پچاس لاکھ روپے مقررکرنیکی سفارش سندھ حکومت سے کی گئی تھی، گرفتارڈاکو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پرڈاکوؤں کے ترجمان کی حیثیت سے مشہور تھا،ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے ڈاکو کی گرفتاری میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کیلئے تعریفی اسناد اورنقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔