رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ دعا کے ساتھ اختتام پذیر

لاہور: رائیونڈ میں سالانہ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی دعا مولانا ابراہیم آف انڈیا نے کروائی۔اختتامی دعا کے وقت ہر آنکھ اشک بار تھی اور ہر شخص اﷲ کے حضور گڑ گڑا کر اس کی رحمت کا طلب گار تھا۔دعا کے بعد ہزاروں تشکیل شدہ جماعتیں دین اسلام کیلئے اندرون اور بیرون ملک روانہ ہوگئیں ۔اس موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات نظر آئے۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے، 200 سے زائد ورکرز، 10 سے زائد گاڑیاں صفائی آپریشن پر مامور رہیں۔ دھول مٹی سے بچاؤ اور اسموگ کے پیش نظر اجتماع گاہ کے روٹس اور پاجیاں چوک سے رائیونڈ اجتماع گاہ تک پانی کے چھڑکائو کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ علاوہ ازیں رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پر تبلیغی اجتماع کے پیش نظر اضافی اسٹاف تعینات کیا گیااور مسافروں کے بیٹھنے کے بہترین انتظامات کیے گئے۔