کراچی: گلشن حدید میں شہر کو پانی سپلائی کرنے والی لائن پھٹ گئی، مین لائن پھٹنے سے لاکھوں گیلن پانی سڑک پرآگیا۔ ترجمان واٹرکارپوریشن کے مطابق اسٹیل ٹاؤن میں پھٹنے والی لائن 54 انچ کی ہے، عملہ لائن کی مرمت کے لیے موقع پر پہنچ گیا ہے، لائن پھٹنے سے قائد اعظم پارک بھی زیر آب آگیا۔
ترجمان نے بتایا کہ لائن متاثر ہونے کے باعث بن قاسم، لانڈھی، کورنگی، ابراہیم حیدری، اختر کالونی، ڈی ایچ اے اور کشمیر کالونی میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگی جبکہ مجموعی طور پر شہر کو 60 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، انہوں نے بتایا کہ لائن کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیا گیا یے، لائن کا مرمتی کام اگلے 36 گھٹنوں میں مکمل ہوگا، ترجمان نے شہریوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ پانی کا ذخیرہ کریں اور پانی احتیاط سے استعمال کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔