سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات،پیپلزپارٹی کو واضح برتری حاصل

کراچی: سندھ کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا، کراچی کی 11 یوسیز میں سے پیپلز پارٹی 7 نشستوں پر کامیاب ہو گئی ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے غیرحتمی نتائج سے مرتب کردہ پارٹی پوزیشن میں پیپلزپارٹی نے مجموعی طور پر 60نشتیں جیت کر اپنے تمام حریفوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ضمنی بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والی دیگر تمام جماعتیں مجموعی طور پر 11نشستیں ہی حاصل کرنے میں کامیاب ہوپائی ہیں۔گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) نے تین بلدیاتی نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے 2،جماعت اسلامی نے2،جے یوآئی نے ایک نشست جیتی ہے۔ جبکہ تین نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

ضلع جنوبی یوسی تیرہ صدر ٹاؤن سے چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب تین ہزار نو سو سڑسٹھ ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ یونین کونسل 13صدرٹاؤن سےچیئرمین کی نشست پر 3 امیدوارمدمقابل تھے، جن میں پیپلزپارٹی کے مرتضٰی وہاب یوسی چیئرمین کے امیدوار، جماعت اسلامی کے نورالسلام اور ٹی ایل پی کےسکندرآگر میدان میں تھے۔