آٹھ فروری کا سورج بلاول کی فتح کا پیغام لیکر طلوع ہوگا: زرداری

 

اسلام آباد (اُمت نیوز) آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کا سورج بلاول بھٹو زرداری کی فتح کا پیغام لیکر طلوع ہوگا، عوام کی مشکلات کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ میں بلدیات کے ضمنی انتخابات میں جیت پر عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے دل کراچی نے بھی جیئے بھٹو کا نعرہ لگا دیا، مرتضٰی وہاب اور سلمان عبداللہ مراد کی کامیابی اہل کراچی کا مخالفین کے لئے خاص پیغام ہے۔

آصف علی زرداری نے ضمنی انتخابات میں فتح پر پارٹی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کا ہر کارکن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا سفیر بن کر انتخابی مہم شروع کردے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی مشکلات ختم کرے گی۔

یاد رہے کہ کراچی کے 9 بلدیاتی حلقوں میں یونین کمیٹی (یو سی) چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ کونسلرز کی نشستوں کے لیے گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے اکثریت حاصل کر لی۔

کامیاب ہونے والے امیدواروں میں کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد شامل ہیں، جنہوں نے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضلع جنوبی میں صدر ٹاؤن اور ضلع ملیر کے گڈاپ ٹاؤن میں ایک، ایک یونین کمیٹی (یو سی) جیت کر اپنے متعلقہ عہدوں پر فائز رہنے کے قانونی تقاضے پورے کرلیے ہیں۔

5 اضلاع میں ضمنی انتخابات پُرامن طریقے سے ہوئے، صدر ٹاؤن، ماڑی پور ٹاؤن، گڈاپ ٹاؤن، ملیر ٹاؤن، جمشید ٹاؤن اور ناظم آباد ٹاؤن میں ووٹرز نے 3 یوسی چیئرمین، 3 وائس چیئرمین اور 3 وارڈ کونسلرز کے انتخاب کا حق استعمال کیا۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے مجموعی طور پر 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جس کے بعد جماعت اسلامی نے ناظم آباد اور جمشید ٹاؤنز میں جنرل کونسلرز کی 2 نشستیں حاصل کیں جبکہ یوسی صدر ٹاؤن میں وائس چیئرمین کی نشست پر ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کامیابی حاصل کی، ملیر ٹاؤن میں جنرل کونسلر کی نشست آزاد امیدوار نے جیت لی۔

ان تمام حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ کم رہا، گڈاپ ٹاؤن کی یوسی-7 میں ووٹرز ٹرن آؤٹ نمایاں طور پر زیادہ رہا جہاں سے ڈپٹی میئر کراچی عبداللہ مراد الیکشن لڑ رہے تھے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 10 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں جماعت اسلامی کے امیدوار ایوب خاصخیلی ایک ہزار 300 ووٹ حاصل کرسکے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صدر ٹاؤن کی یوسی-13 (کہکشاں، کلفٹن) سے 3 ہزار 976 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار نے ایک ہزار 566 ووٹ حاصل کیے۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک مسلسل 9 گھنٹے بلا تعطل جاری رہی، الیکشن کمیشن نے کراچی میں 121 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے، 42 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 79 کو حساس قرار دیا گیا۔

پولنگ کا عمل بڑی حد تک ہموار اور پرامن انداز میں مکمل ہوا، تاہم میمن گوٹھ کے پولنگ اسٹیشن پر حریفوں نے پیپلزپارٹی پر دھاندلی اور پولنگ کے عمل کو متاثر کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔

گزری کے علاقے میں بھی کشیدگی ہوئی جہاں پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان اُس وقت مڈبھیڑ ہوگئی جب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اپنا ووٹ کاسٹ کرنے گزری کالج پولنگ اسٹیشن پہنچے۔

تینوں جماعتوں کے مشتعل کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے، جس پر پولیس نے متعدد کارکنوں کو پولنگ اسٹیشن سے بےدخل کردیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کے داخلے پر پابندی لگا دی اور صرف ووٹرز کو ان کی شناخت چیک کرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی۔