ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای سے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی ملاقات

قطر (اُمت نیوز ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی صورت حال اور خطے کے منظر نامے کے حوالے سے یہ ملاقات انتہائی اہم رہی، ایران کے سرکاری خبر رساں اداے نے اس ملاقات کی اتوار کے روز تصدیق کی ہے۔
ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق ملاقات میں ہنیہ نے ایرنی سپریم لیڈر کو غزہ اور اس سے متعلق امور کے بارے میں تازہ ترین صورتحال اور مغربی کنارے میں سامنے آنے والے واقعات بارے آگاہ کیا کہ کس طرح مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی جرائم بڑھ رہے ہیں ۔
علی خامنہ ای نے اس موقع پر فلسطینی عوام کی ہمت و جرات کے لیے ان کی تحسین کی، تاہم انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی جرائم پر افسوس کا اظہار کیا۔
ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے اسرائیلی جرائم کو امریکی اور بعض دوسرے مغربی ملکوں کی حمایت کی بدولت قرار دیا۔
ایرنی سپریم لیڈر نے اس موقع پر فلسطین کے بارے میں اپنی مستقل پالیسی کا ذکر کیا اور صہیونی قوتوں کے خلاف فلسطینی مزاحمت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔