لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے چار سال بعد اپنی سیاسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمائوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سندھ اور بلوچستان کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
لیگی قائد نواز شریف تقریبا ساڑھے 4 سال کے بعد پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون پہنچے تو شہبازشریف سمیت سینئر لیگی قیادت نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر مریم نواز ، خواجہ آصف، اسحاق ڈار، احسن اقبال سمیت ن لیگی قیادت بھی موجود تھی۔
اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب میں کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی سے پاک کرنا ہے۔ مسلم لیگ ن نے پہلے بھی پاکستان کی ترقی کی سیاست کی اور آگے بھی یہ سفر جاری رہے گا۔ ہم بہت جلد پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کاکہنا ہے کہ عوام کی خدمت سے بڑی خوشی کسی اور چیز سے نہیں ملتی،اللہ تعالیٰ نے پھر موقع دیا تو اولین ترجیح معیشت کی بہتری ہی ہوگی۔
نوازشریف سے سیالکوٹ سے سابق ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ ہماری تینوں حکومت میں معیشت ایجنڈے کا بنیادی نکتہ رہا ہے،ملکی معیشت کی بہتری کیلیے ہمیشہ بھرپور کوشش کی،معیشت کے موضوع سے صنعت ، برآمدات اور مہنگائی سمیت سب کچھ آ جاتا ہے،ملکی معیشت کی بہتری مجموعی صورتحال کی بہتری ہوتی ہے۔
ان کا کہناتھا کہ سندھ میں پہلی بار اپنے کوئلے کی بنیاد پرمنصوبہ ہم نے لگایا،سندھ میں مزید پلانٹ لگا کر درآمدی ایندھن سے نجات مل سکتی تھی،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت کچھ دے رکھا ہے، استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ ہم نے یورپ سے بھی بہتر معیار کی موٹرویز بنائیں،سیالکوٹ پاکستان کی برآمدات میں بہت اہم حصہ رکھتا ہے،آئی ایم ایف نے خود کہا کہ پاکستان بہت جلد پاؤں پر کھڑا ہوجائے گا۔