کراچی: آئی جی سندھ رفعت مختارراجہ سے مطالعاتی پروگرام کے تحت 50 ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام،26 ویں ابتدائی کمانڈ کورس کے شرکاء نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں تفصیلی ملاقات کی اورپولیسنگ کے جملہ امور و اقدامات پرمشتمل معلومات سے استفادہ کیا،اس موقع پرڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزسندھ زبیردریشک نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے آپریشنل،انویسٹی گیشن سمیت آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کی اہمیت و افادیت پربریفنگ دی اورجدید تیکنیکس کے استعمال سے جرائم کیخلاف ملنے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ کامیابی ان ہی لوگوں کا مقدربنتی ہے جو وقت کیساتھ چلتے ہیں اوراس امرکا اداراک آپ تمام کو بخوبی ہونا چاہیئے کہ پولیسنگ کی کامیابی کا انحصار انویسٹی گیشن پر ہے اگر تفتیش کے جملہ امورکو جدت اورتیکنیکس سے آگے لیکرچلیں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ ملزمان قانون کے شکنجے سے باہر نکل سکیں تاہم تفتیش کا معیار اگرناقص ہوگا تو اسکا فائدہ ملزمان اٹھائیں گے بعد ازاں شرکاء نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرکا بھی وزٹ کیا اور شہرکی مانیٹرنگ امورکا جائزہ لیا،ملاقات میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ،آئی ٹی سمیت سی پی او میں تعینات تمام اے آئی جیزاور پروجیکٹ ڈائریکٹرآئی ٹی نے شرکت کی۔