ترکیہ، فلسطین یکجہتی ریلی،شرکا کی امریکی ایئربیس پرحملے کی کوشش

لندن : غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں ترکیہ کے شہر آدانا میں ریلی نکالی گئی جس میں سیکڑوں افراد شریک تھے۔ ریلی کے شرکا نے اس ایئربیس پر دھاوا بولنے کی کوشش جہاں امریکی فوجی قیام پذیر ہیں۔ تاہم پولیس نے اس کوشش کو ناکام بنادیا۔پولیس نے ریلی کے شرکا پر آنسو گیس کے گولے فائر کیے اور انہیں منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا۔ لندن میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کے دوران طالبہ نے مغربی میڈیا کے کردار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔طالبہ نے کہا کہ میڈیا اس طرح رپورٹنگ کر رہا ہے جیسے یہ اسرائیل حماس کی جنگ ہے۔ جیسے سرحد کے دونوں اطراف سے برابر حملے ہو رہے ہیں۔

ایسا بالکل نہیں ہے، یہ جنگ نہیں تنازع نہیں۔ یہ نسل کشی ہے۔ نہتے اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں غزہ میں ان عوام کے مسلسل قتل عام کے خلاف اس شہر کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے حصہ لیا ۔ یہ ریلی ایک بجے سے پانچ بجے تک جاری رہی۔مظاہرے میں بلا امتیاز مذہب، رنگ، نسل اور زبان اور جنس معصوم بچوں،جوان مردوں اور عورتوں اور ضعیف بزرگوں اور معذوروں تک نے حصہ لیا ۔ شرکا نے ہزاروں کی تعداد میں فلسطین کے پرچم ، پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر غزہ میں فلسطینی عوام کا مسلسل قتل عام اور ان کی نسل کشی بند کرو کی عبارات درج تھیں۔