اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے بنیادی صحت کی سہولیات ہر پاکستانی کا حق ہے اور حکومت عام آدمی کی ان تک رسائی یقینی بنائے گی۔ عالمی ادارہِ صحت کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا سے گفتگوکرتےہوئے وزیر اعظم نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان میں بنیادی صحت مراکز کی اَپ گریڈیشن پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا عالمی ادارہ صحت کے عطیہ کردہ موبائل ہیلتھ کلینکس و ایمبیو لینسز سے بنیادی صحت کی سہولیات عام آدمی کی دہلیز تک پہنچائی جائیں گی۔ بنیادی صحت کی سہولیات ہر پاکستانی کا حق ہے اور حکومت عام آدمی کی ان تک رسائی یقینی بنائے گی۔
وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان میں 464 صحت کے بنیادی مراکز کی اَپ گریڈیشن آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے عالمی ادارہ صحت اور وزارتِ قومی صحت کے مابین لیٹر آف انڈر سٹینڈنگ پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی ۔ وزیرِ اعظم نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عطیہ کی گئیں 5 ایمبیولینس، ایک موبائل کلینک اور 2 ویکسی نیشن وینز کا بھی جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں سکھ یاتریوں فراہم کی جانے والی ویزہ سہولیات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی اور مقدس مقامات کی زیارت کے دوران ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے۔ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کرتارپور راہداری کے ذریعے اور دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتریوں کو مزید اور بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثنا ایک ٹویٹ میں انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ منشیات فروش ہماری نوجوان نسل اور پاکستان کے مستقبل کی تباہی کے درپے ہیں،ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی تعلیمی اداروں میں نشے کے کاروبارکے خاتمہ کیلئے ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔ مزید برآں نگران وزیراعظم سے نگران وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کے مختلف انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔