کراچی میں نیوی اہلکار کے کمسن بیٹی سمیت قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

کراچی(اُمت نیوز)کراچی میں نیوی اہل کار کے کمسن بیٹی سمیت قتل میں ملوث 3 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
کورنگی صنعتی ایریا انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے باپ اور کمسن بیٹی کے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر کے آلہ قتل ( پستول ) برآمد کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں طارق عرف کریلا ، فاروق اور زوہیب شامل ہیں، جنہوں نے 24 ستمبر 2023ء کو کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے چمڑا چورنگی اے ڈی ایم کمپنی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر نیوی کے اہلکار کو اس کی 2 سالہ بیٹی انعم سمیت فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق 3 موٹرسائیکلوں پر سوار 6 ڈاکو سروس روڈ پر واردات کر رہے تھے، جن میں سے ایک ڈاکو کو نیوی اہل کار طاہر نے پکڑ لیا تھا، جس پر اس کے ساتھیوں نے فائرنگ شروع کردی۔ گولی لگنے سے طاہر زمان اور 2 سالہ بیٹی انعم جاں بحق ہوگئے تھے۔
گرفتار 2 ملزمان سندھ اور تیسرے ملزم کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، جو اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے لیے کراچی آتے تھے اور چند روز تک وارداتیں کر کے واپس چلے جاتے تھے۔ پولیس کے گرفتار ملزمان کے مزید 3 ساتھیوں کی تلاش کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ڈکیتی کے دوران مزاحمت کے واقعے کے وقت طاہر زمان، اس کی اہلیہ اور 2 بچے موٹرسائیکل پرسوارتھے ۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مقتول کا کمسن بیٹا اور اہلیہ محفوظ رہے تھے۔
پولیس کے مطابق 2 مسلح ڈاکو ایک شہری سے 4 لاکھ روپے چھین رہے تھے جب کہ ان کے 4 ساتھی دُور کھڑے تھے ۔ قریب میں طاہر زمان نے اپنی موٹرسائیکل کھڑی کی ہوئی تھی اور اس کی اہلیہ فیڈر سے اپنے بیٹے کو دودھ پلا رہی تھی ۔طاہر زمان نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ملزم کو دبوچ لیا تھا جس پر اس کے دیگر ساتھیوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں طاہر زمان اور کمسن انعم گل گولیوں کا نشانہ بن گئے ۔
دورانِ تفتیش باغ کورنگی سے ایک ملزم طارق عرف کریلا کو گرفتار کیا گیا تھا ، جس کی نشاندہی پر مزید 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ 3 ملزم تاحال مفرورہیں ۔ باپ بیٹی کے قتل کا مقدمہ کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال دوران ڈکیتی قتل ہونے والے افراد کی تعداد 115 ہوگئی ہے۔