لاہور (اُمت نیوز) پولیس نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے گھر پر رات گئے چھاپہ مارا جس کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس پرویز الہٰی کے گھر کے باہر کھڑی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے خواتین اور بچوں کو باہر نکال کر گھر کی تلاشی لی، کچھ دستاویزات درکار تھیں جن کے لیے چھاپہ مارا گیا۔
اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے پیغام میں چودھری پرویز الہٰی کے بیٹے مونس الہٰی نے کہا ہے کہ پرسوں کی ناکام کارروائی کے بعد آج صبح 4 بجے پنجاب پولیس نے دوبارہ بغیر وارنٹ کے ہمارے گھر پر چھاپہ مارا۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ان کو میرے خالو طاہر صادق نہیں ملے، گھر پر صرف خواتین موجود تھیں، پنجاب پولیس پی ٹی آئی کے لوگوں کو ہراساں کرنے کے بجائے جرائم کے خاتمے پر دھیان دے۔