لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان سے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی تنازع میں فلسطینیوں کے مصائب سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کو اپنی پروفائل سے ہٹا دیں۔ تاہم کرکٹرکی جانبب سے انکارکردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے محمد رضوان سے کہا ہے کہ وہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ ڈیلیٹ کریں جس میں انہوں نے ورلڈ کپ کے دوران سری لنکا کیخلاف ٹیم کی تاریخی فتح کو اسرائیلی مظالم برداشت کرنے والے فلسطینیوں کے نام وقف کیا تھا۔
رضوان نے 11 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف تاریخی ہدف کے تعاقب میں ناقابل شکست 131 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر یہ جیت فلسطینیوں کے نام کی تھی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستان کی جیت میں اپنا حصہ ڈالنے پر خوشی کا اظہار کرنے والے رضوان نے فتح کا سہرا پوری ٹیم کے سر پرباندھتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ، ’یہ جیت غزہ میں ہمارے بہن اور بھائیوں کیلئے ہے‘۔