لاہور میں مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے بڑوں کی اہم بیٹھک ہوئی، دونوں جماعتوں نے مل کر آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ، سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کے حل اور دیگر معاملات کیلیے 6 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔
ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سیاسی ملاقاتوں اور جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اسی سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وفد ماڈل ٹاون پہنچا تو مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے استقبال کیا۔
قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات ہوئی، جس میں شہباز شریف، مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر اہم رہنماوں نے شرکت کی۔ اس بیٹھک میں ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت کی گئی۔
مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم وفد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق دونوں جماعتوں نے 6 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی سندھ بالخصوص شہری علاقوں کے مسائل کے حل کیلیے جامع چارٹر تیار کریں گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان اشتراک کیلیے حتمی تجاویز 10 روز میں پیش کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے عوام کو موجودہ مسائل سے نکالنے اور پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلیے بھی حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا ہے۔