علی گڑھ : میونسپل بورڈ نے علی گڑھ کا نام تبدیل کر کے ہری نگر کرنے کی ایک قرارداد منظور کرلی ہے، جب کہ میونسپل کے مسلمان ارکان کا کہنا ہے کہ یہ قرارداد دھوکے سے منظور ہوئی ہے۔
بھارتی شہر علی گڑھ میں برسراقتدار بی جے پی کی حمایت والے میونسپل بورڈ نے علی گڑھ کا نام تبدیل کر کے ہری نگر کرنے کی قرارداد منظور کرلی ہے۔ قرار داد حتمی منظوری کے لیے ریاستی حکومت کے پاس جائے، جو پہلے بھی مسلمانوں سے منسوب متعدد شہروں کے نام بدل چکی ہے۔
بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے میئر پرشانت سنگھل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ شہر کا نام بدلنے کی تجویز میونسپل بورڈ کے ایک بی جے پی رکن نے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
پرشانت سنگھل کا کہنا تھا کہ علی گڑھ کا نام ہری گڑھ کرنے کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔ امید ہے بہت جلد یہ شہر ہری گڑھ کے نام سے جانا جائے گا۔
علی گڑھ کا نام بدلنے کی مہم چلانے والے بی جے پی کے رہنما نیرج شرما کا کہنا تھا کہ ’ہری ایک تاریخی اور ہندو روایات سے وابستہ ہے، یہ شہر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بھی پہلے کا تھا، جب کہ یونیورسٹی 1920 میں قائم ہوئی، یونیورسٹی سے قبل ہری گڑھ اپنی تہذیبی وراثت پر کھڑا تھا، اگر ہری کے بچوں کو ہری گڑھ نہیں ملے گا تو کیا سعودی عرب، قزاقستان یا پاکستان کو ملے گا۔
علی گڑھ میونسپل بورڈ میں اپوزیشن سماج وادی پارٹی کے رکن مشرف حسین محضر نے کہا ہے کہ بی جے پی کے ارکان نے اپوزیشن کی غیر موجودگی میں دھوکے سے اس قرار داد کو منظور کیا ہے، یہ بی جے پی کی جبر کی پالیسی کا حصہ ہے، وہ 15 برس سے علی گڑھ کا نام بدلنےکی کوشش کر رہے تھے، لیکن جب تک ہماری پارٹی میونسپل بورڈ میں موجود ہے تب تک علی گڑھ کا نام علی گڑھ ہی رہے گا، یہ شہر علی گڑھ تھا، ہے اور رہے گا۔