اسرائیل فرعون کے نقش قدم پر چل رہا ہے، نگران وزیراعظم

تاشقند: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسرائیل کو فرعون کے نقش قدم پر چلنے والا قرار دے دیا۔ازبکستان کے شہر تاشقند میں 16 ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ موسیٰ ؑ کی پیدائش پر فرعون نے بچوں کو قتل کیا اور اب بدقسمتی سے جو لوگ ان کے پیروکار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ فرعون کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے تمام ممالک کو غزہ میں جنگ بندی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے ای سی او ویژن 2025 کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں اور تیز تر اصلاحات اور خطے کی تجارتی صلاحیت کو زبردست اقتصادی ترقی میں بدلنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ آئیں ہم ای سی او کو صرف الفاظ کی نہیں بلکہ عمل کی تنظیم بنائیں، ہمارے لیے تنظیم کے اہداف اور مقاصد کوحاصل کرنے کے لیے اجتماعی اور تندہی سے کام کرنا بہت ضروری ہے، ہمارا خطہ اگر اچھی طرح سے باہم جڑا ہوا ہے تو ہمارے لوگوں کے لیے زبردست اقتصادی اور امن کے فوائد لا سکتا ہے۔

وزیراعظم کے خطاب میں ای سی او کی موجودہ تجارت اور حقیقی صلاحیت، غزہ کی انسانی صورتحال، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، اسلامو فوبیا کے ساتھ ساتھ علاقائی روابط کے ای سی او کے منصوبے شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم خطے میں ترقی کے لئے اہم فارم ہے، خطے میں تجارتی سرگرمیوں سے ترقی ممکن ہے، خوش ہوں کہ اگلا ای سی او سیکرٹری پاکستان سے ہوگا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ای سی او ممبر ممالک معدنی وسائل سے مالا مال ہیں، ای سی او ریجن میں مزید سرحدی اور تجارتی راہداریوں کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے، ای سی او کے تمام ممالک کو جنگ بندی کے لیےکردار ادا کرنا چاہیے۔

قبل ازیں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات خصوصاً دو طرفہ تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ غزہ میں انسانی بحران اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان ایئرلائن کے پاکستان کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اسے کاروباراورسیاحت اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کے لیے مثبت پیشرفت قراردیا۔