کراچی: تحریک انصاف کوکراچی میں 12 نومبرکو جلسہ کرنے کی تاحال اجازت نہیں ملی ہے،پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے 12 نومبر بروز اتوار کو شیڈول پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے اجازت زیرالتوا ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فروری میں عام انتخابات کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ ایک پرامن اور قانونی سیاسی اجتماع کے انعقاد کے سلسلے میں پی ٹی آئی نے سندھ کے مختلف سرکاری محکموں کو باضابطہ درخواستیں دی ہیں کہ ہمیں 12 نومبر کو سیاسی جلسے کی اجازت دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ، کمشنر کراچی، ڈی سی ایسٹ کراچی،ڈی جی رینجرز اور اے آئی جی کراچی ہر متعلقہ حکام کو جلسے کی اجازت سے متعلق خطوط لکھے گئے ،جلسے کی منظوری حاصل کرنے کے لیے ہماری سرتوڑ کوششوں کے باوجودہمیں متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن سندھ نے چیف سیکرٹری سندھ کو 4 نومبر کو لکھے گئے خط میں ہدایت کی کہ وہ ہماری درخواست پر قانون اور ضوابط کے مطابق غور کریں۔
افسوس کہ ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ہماری آئینی پٹیشن پر 2 نومبر کو معزز جج نے الیکشن کمیشن سندھ کے ساتھ کمشنر کراچی اور ڈی سی ایسٹ کو نوٹس جاری کیا۔ بدقسمتی سے ان نوٹسز کا ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔عام انتخابات میں دیگر تمام سیاسی جماعتوں کی طرح پی ٹی آئی کو بھی برابر کا میدان ملنا چاہئے۔ ملک میں جمہوریت کی بہتری کے لیے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بناتے ہوئے سیاسی انتقام کا خاتمہ ضروری ہے۔ ہم سندھ پولیس کے حالیہ غیر قانونی چھاپوں اور اپنے کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔