بابراعظم نے قیادت کے فرائض سے سبکدوش ہونے پر غور شروع کردیا

اسلام آباد(اُمت نیوز)آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر کپتان بابراعظم نے قیادت کے فرائض سے سبکدوش ہونے پر غور شروع کردیا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا سمیت اپنے قریبی ساتھیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے مستقبل کا مشورہ اور رہنمائی مانگ لی۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں تربیتی سیشن کے بعد انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل پری میچ کانفرنس پر کپتانی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے سابق کرکٹرز اور بورڈ کے رویے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔
رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ بابراعظم کے قریبی دوستوں نے انہیں تینوں فارمیٹس میں کپتانی سے دستبردار ہونے کا مشورہ دیا ہے۔
سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر بہت افسردہ لگ رہے تھے اور مجھے بہت برا لگا، انکی کپتانی کے حوالے سے گفتگو نجی تھی اور میں اسے عام نہیں کرنا چاہتا”۔
بابراعظم کی قیادت میں پاکستان ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں تقریباً معدوم ہیں تاہم انکی قیادت میں قومی ٹیم کو بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور افغانستان کے خلاف شکستوں کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
واضح رہے کہ رمیز راجا کے دور میں ہی بابراعظم کو سرفراز احمد سے کپتانی چھین کر دی گئی تھی۔