انگلینڈ کے ہاتھوں شکست، پاکستان ورلڈ کپ سے آؤٹ، واپسی کا ٹکٹ کٹا لیا

کولکتہ ( اُمت نیوز) بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے آؤٹ کر دیا، پاکستان نے ہار کے بعد واپسی کا ٹکٹ کٹا لیا۔
بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس کی قیادت بابراعظم جبکہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی کمان جوز بٹلر کے ہاتھوں میں تھی۔

انگلینڈ کی جانب سے 338 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے کھیل کا مایوس کن آغاز کیا، پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق بغیر کھاتہ کھولے ڈیوڈ ویلی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، گزشتہ میچ میں ناقابل شکست رہنے والے فخر زمان بھی جم کر نہ کھیل سکے اور صرف ایک سکور بنا کر ہی ڈیوڈ ویلی کی گیند پر بین سٹوکس کو کیچ پکڑا بیٹھے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور ٹیم کے 61 رنز کے مجموعی سکور پر 45 گیندوں پر 38 رنز بنا کر گس اٹکنسن کی گیند پر راشد خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، قومی ٹیم کا چوتھا نقصان 100 رنز کے مجموعے پر ہوا جب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 51 گیندوں پر 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان ٹیم کی پانچویں وکٹ 126 رنز پر گری، پاکستانی بیٹر سعود شکیل کو راشد خان نے پویلین کی راہ دکھائی، آغا سلمان 51، افتخار احمد 3 ، شاداب خان، 4 شاہین شاہ آفریدی 25، حارث رؤف 36رنز بنا سکے، محمد وسیم 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، قومی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، عادل رشید، گس اٹکنسن اور معین علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پاکستان نے ایونٹ میں 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر اپنا اختتام کیا۔

قبل ازیں میچ کے آغاز پر انگلش اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 82 رنز پر انگلینڈ کی پہلی وکٹ گر گئی، انگلینڈ کے اوپنر بلے باز ڈیوڈ ملان 39 گیندوں پر 31 رنز بنا کر محمد افتخار کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انگلینڈ کا دوسرا نقصان 108 رنز کے مجموعے پر ہوا جب بلے باز جونی بیرسٹو 61 گیندوں پر 59 رنز کر حارث رؤف کی گیند پر سلمان علی آغا کو کیچ دے بیٹھے۔

انگلش ٹیم کا تیسرا شکار 280 رنز کے مجموعی سکور پر ہوا جب شاہین شاہ آفریدی نے 84 سکور پر انگلش بلے باز بین سٹوکس کو پویلین کی راہ دکھائی، دفاعی چیمپینز کی چوتھی وکٹ 257 رنز پر گری،انگلش بلے باز جوئے روٹ 72 گیندوں پر 60 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

میچ کے 46ویں اوور میں انگلینڈ کی ٹیم کا پانچواں نقصان ہوا، انگلش بلے باز ہیری بروک 17 گیندوں پر 30 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر شاہین آفریدی کو کیچ پکڑا بیٹھے جبکہ انگلش کپتان جوز بٹلر 18 گیندوں پر 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

انگلینڈ کو 7 واں نقصان معین علی کی صورت میں اٹھانا پڑا جو زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور6 گیندوں پر 7 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے،انگلش ٹیم کی آٹھویں وکٹ 336 رنز کے مجموعے پر گری جب ڈیوڈ ویلی 5 گیندوں پر 15 رنز بنا کر محمد وسیم جونیئر کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

انگلش ٹیم کے نئے آنیوالے بلے باز گس اٹکنسن بغیر کھاتہ کھولے ہی محمد وسیم جونیئر کی گیند پر پویلین چلتے بنے۔