کولکتہ (اُمت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ میں بابر کو بھرپور سپورٹ کرتا ہوں، بطور کپتان مجھے اس کی قابلیت پر بھروسہ ہے۔
انگلینڈ سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ بابراعظم نوجوان ہے اور اب بھی سیکھ رہا ہے، ہمیں بابر اعظم کو موقع دینا چاہیے، وہ غلطی سے سبق سیکھےگا، غلطی کرنا جرم نہیں، ہرکوئی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، مجھے نہیں لگتا اس پرفارمنس کے ساتھ ہم سیمی فائنل میں جاسکتے تھے، کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ موقع دینا ہوگا، ہم نے باؤلنگ اچھی نہیں کی، نسیم شاہ کی انجری سے ہماری باؤلنگ کو بہت نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جا کر جو بھی ہوگا اس کا سامنا کروں گا، میں نجم سیٹھی کے کہنے پر پاکستان آیا تھا، مجھے پاکستان کی کرکٹ ٹیم سے بہت محبت ہے، ایسا نہیں ہے ہم کھلاڑیوں کو ماڈرن ڈے کرکٹ کے مطابق کھیلنے کا نہیں کہتے، ہم نیٹس میں بھی کھلاڑیوں کو جارحانہ کرکٹ کھیلنے پر زور دیتے ہیں۔
ڈائریکٹر قومی کرکٹ ٹیم نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ ہم نے اچھا اختتام کیا، جو ٹیمیں سیمی فائنل کھیل رہی ہیں وہ نیٹ رن ریٹ کے مطابق کھیل رہی ہے۔