اسلام آباد(اُمت نیوز) رجسٹرار سپریم کورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے اعتزاز احسن کی آئینی درخواست پر اعتراضات عائد کردیے۔
بیرسٹر اعتزاز احسن نے پی ٹی آئی کارکنان اور لاپتا افراد کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی تھی جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کرکے درخواست واپس کردی۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے یہ نہیں بتایا انکے کون سے بنیادی حقوق متاثر ہوئے، درخواست گزار نے انفرادی حق کے حصول کیلئے آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت درخواست دائر کی۔
اعتراضات میں کہا گیا کہ ذوالفقار مہدی بنام پی ٹی آئی 1998 کیس کے تحت انفرادی حق کیلئے آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت براہ راست رجوع نہیں کر سکتا، درخواست میں اٹھائے گئے نکات آرٹیکل 184 کی شق تین کے لوازمات پر پورا نہیں اترتے۔