پشاور (اُمت نیوز) نئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقرری کے حوالے سے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے درمیان آج ملاقات ہوگی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ملاقات میں نئے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری پر مشاورت کی جائے گی، تقرری کیلئے 3 دن میں دونوں کو ایک نام فائنل کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جن کی نماز جنازہ چار سدہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اعظم خان کے انتقال کے بعد ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو خط لکھ کر قانونی رائے پیش کی تھی، جس کے بعد گورنر غلام علی نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو خط لکھ دیا تھا۔
دوسری جانب اپنے ایک بیان میں سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاسی بحران ہے، آج ہی نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا مسئلہ حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوری تیاری کے ساتھ نگران وزیراعلیٰ کی تقرری پر بات کروں گا، محمود خان کو بھی راضی کر لوں گا میری بات سے کوئی انکار نہیں کرتا۔
اکرم درانی کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کیلئے متوقع نام سیاستدان اور بیوروکریٹ کے ہو سکتے ہیں، کوئی اعظم خان کے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکا۔