ارشد حسین شاہ نے نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھا لیا

پشاور: جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھا لیا ہے، تاہم پی ٹی آئی نے ان کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین نے عہدے کا حلف گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں اٹھایا۔ گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے نگراں وزیر اعلیٰ سے حلف لیا، چیف جسٹس ہائیکورٹ ابراہیم خان بھی حلف برادری تقریب میں موجود تھے۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جسٹس (ر) ارشد حسین کو بطور نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہےاور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سابق نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین کی بطور نگران وزیراعلی تقرری سے انتہائی اہم آئینی ضرورت پوری ہوئی ہے، امید ہے نئے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا صوبے کے انتظامی امور کی بہتری اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی معاونت میں اپنا آئینی کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان 90 سال کی عمر میں انتقال گرگئے تھے، جس کے بعد ان کی کابینہ بھی خود کار طریقے سے تحلیل ہوگئی تھی۔