کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے تحت بارھواں میگا آئی ٹی انٹری ٹیسٹ منعقد کیا گیا جس میں 25000سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ اس ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کو جدید ٹیکنالوجی جیسے آرٹیفیشل انٹے لی جنس، کلاؤڈ نیٹو، بلاک چین، انٹرنیٹ آف تھنگز، ویب 3.0، میٹاورس وغیرہ کی تعلیم دی جائے گی۔ واضح رہے کہ سیلانی ویلفیئر کے ماس آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کے تحت نئے کورسز کا آغاز کیا گیا جس میں تقریبا 60ہزار طلباء و طالبات نے رجسٹریشن کروائی۔ جس کے پہلے مرحلے میں 25ہزار سے زائد طلباء و طالبات کو ٹیسٹ کے لئے بلایا گیا۔ باقی طلبا و طالبات کو جلد ہی انٹری ٹیسٹ کے لئے بلایا جائے گا۔ تقریب کے آغاز میں طلباء نے پاکستان زندہ باد۔ سیلانی زندہ باد کے نعرے لگائے جس سے پورا نیشنل اسٹیڈیم گونج اٹھا۔ بعد ازاں پاکستان کے قومی ترانے کے بعد فلسطین کا ترانہ بھی پڑھا گیا اور ساتھ میں پاکستان اور فلسطین کے جھنڈے بھی لہرائے گئے جس نے اس تقریب میں چار چاند لگادیئے۔ اس تقریب میں ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیثی (قونصیلٹ جنرل متحدہ عرب امارات) نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت فرمائی۔ انھوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلانی ویلفیئر نے جو کام کرلیا ہے وہ پوری دنیا کے لئے عظیم نمونہ ہے۔ بشیر فاروقی صاحب ایک سچے پاکستانی ہیں اور ہمیں اور متحدہ عرب امارات کو ان کے اوپر پورا بھروسہ ہے۔ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے روح رواں حضرت مولانا محمد بشیر فاروق قادری صاحب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو خواب ہم نے آج سے دس سال پہلے دیکھا تھا کہ سیلانی کے طلباء و طالب علم ملک کی آئی ٹی ایکسپورٹ کو بڑھائیں گے جو آج سچ ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے ان ہی بچوں کی بدولت سالانہ تقریبا 1 ار ب ڈالرز زرِمبادلہ پاکستان کی معیشت میں اضافہ ہورہا ہے۔ بعد ازاں طلباء و طالبات نے پوری محنت کے ساتھ ٹیسٹ دیا۔ اس تقریب میں عاطف باجوہ (سی ای او بینک الفلاح)، ادریس (ہلٹن فارما)، محسن (ڈائریکٹر یونائیٹڈ کنگ)، فرحان حنیف (کراؤن گروپ)، رفیق سلیمان (REAP)، ڈیجیٹل ہیڈ (یو بی ایل بینک)، سر ضیاء خان (سی اواو، پی آئی اے آئی سی) و ملک کی مشہور معروف شخصیات اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی ۔