کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے15نومبر سے ضمنی امتحانات 2023کیلیے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ۔
چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان نے بتایا کہ میٹرک سائنس اور جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ سالانہ امتحانات 2023 کے پرچوں میں فیل ہو جانے والے طلبا و طالبات ضمنی امتحانات کیلیے فارم بغیر لیٹ فیس کے 15نومبرسے30 نومبر 2023ء تک جمع کرا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تمام ریگولر طلبا و طالبات اپنے امتحانی فارم اپنے تعلیمی ادارے کے توسط سے جمع کرائیں گے،تاہم پرائیویٹ طلباء وطالبات اپنے فارم متعلقہ بینکوں میں ذاتی طور پر جمع کرا سکتے ہیں۔
اس کے بعد شیڈول کے مطابق لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم یکم دسمبر سے8دسمبر تک200روپے،11دسمبر سے15دسمبر تک 800روپے اورامتحانی فارم کی تاریخ ختم ہونے کے بعد 2500روپے لیٹ فیس کے ساتھ جمع کرا سکتے ہیں۔ اس ضمن میں یہ بھی واضح کیا جاتاہے کہ فیسوں کی وصولی کی تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔
انھوں نے بتایا کہ تمام طلباء وطالبات اپنے امتحانی فارم لازمی متعلقہ سیکشن سے چیک کرانے کے بعد ہی جمع کرائیں۔ امتحانی فارم بورڈ سے ملحق نیشنل بینک، حبیب بینک، عسکری کمرشل، یونائیٹڈ بینک اور بوتھ بورڈ آفس کی برانچوں سے حاصل کرکے وہیں جمع بھی کرا سکتے ہیں۔