اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے 9 مرلہ زمین پر مالک کو بغیر معاوضہ ادائیگی روڈ بنانےپر حکومت پنجاب کو 10لاکھ روپے جرمانہ کردیا، عدالت نے حکومت پنجاب کو 30روز میں موجودہ ریٹ کے مطابق رقم کی ادائیگی کا حکم دیدیا،عدالت نے جرمانے کی رقم بھی زمین مالک کو ادا کرنے کی ہدایت کردی ۔
پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ میں شہری لیاقت علی کی زمین پر 2007میں سڑک بنائی تھی،چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی،فضول مقدمہ بازی کرنے پر چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب پر برہمی کااظہار کیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ سرکار نے کسی کی زمین پر بغیر اجازت اور معاوضہ سڑک کیسے بنائی؟درخواست گزار نے سرکار کو زمین گفٹ نہیں کی،ایسے فضول مقدمہ کی درخواست آپ نے سپریم کورٹ میں کیوں دائر کی؟چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہاکہ ہمارا کام یہ رہ گیاکہ ہم ایڈووکیٹ جنرل کو آئین پڑھاتے رہیں؟۔