اسلام آباد : نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو دنیا کی بہترین ٹریفک پولیس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سب کیلئے یکساں ہے،قانون کی عملداری میں کوئی بالا دست نہیں ہے ، جس دن معاشرے میں قانون کے سامنے وی وی آئی پی اور عام بندے کی تفریق ختم ہو جائے گی ہم بحیثیت معاشرہ بہت آگے جائیں گے ۔گزشتہ روزیہاں اسلام آباد فیض آبادمیں ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیرداخلہ نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کاشمار پاکستان کی ہی نہیں بلکہ دنیا کی بہترین ٹریفک پولیس میں ہوتا ہے ،بطور پارلیمنٹرین ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر میرے بھی چالان ہوئے ہیں، یہ حوصلہ افزا بات ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس جس طرح شہریوں کی مدد کر رہی ہوتی ہے وہ دوسری فورسز کے لئے قابل تقلیدہے اس کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آپ قانون کی پاسداری کو ہر حال میں یقینی بنائیں، آپ پر اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا کوئی سیاسی دبائو نہیں ڈالا جائے گا،افسران و جوان دوران ڈیوٹی شہریوں سے پیار اور خلوص سے پیش آئیں ۔انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود پولیس کے تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں ۔ سی سی پی او اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصرخان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس بارش ،دھوپ میں اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہے،سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ای چالان کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس میں نفری کی شدید کمی ہے صرف 600 اہلکار و افسران ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں ، اگر 2600 اہلکار و افسران اور بھرتی ہو جائیں تو اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی آ بادی کے ٹریفک کے مسائل کم ہو جائیں گے۔قبل ازیں وزیرداخلہ نے اسلام آبادٹریفک پولیس کے فیض آباددفترکاباقاعدہ افتتاح کیااور ٹریفک آفس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا ، اس دوران وزیر داخلہ کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیاگیا،وزیرداخلہ نے ٹریفک دفترمیں اپنا ڈیٹا انٹری اور بائیومیٹرک بھی کرائی جس کے بعد انہیں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا گیا ۔ وزیر داخلہ نے مختلف نوعیت کے لائسنسوں کے اجرا ، بین الاقوامی لائسنس کے اجرا کے لئے آنے والے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی تعریف کی ۔ ٹریفک پولیس دفترآمدپرپولیس کے چاک و چوبند دستے نے وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos