کراچی : سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے لیاری 35 فٹبال گراؤنڈ کے قریب فٹ پاتھ سے سوٹ کیس میں بند ایک نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے اور کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے شواہد جمع کئے۔فنگر پرنٹ کی مدد سے مقتول کی شناخت 28 سالہ اظہر حسین ولد ظفر شاہ کے نام سے ہوئی جس کا آبائی تعلق شیخوپورہ روڈ فیصل آباد سے تھا،پولیس کے مطابق وہ کراچی میں کہاں رہائش پذیر تھا اس حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
مقتول نوجوان کی لاش 24 گھنٹے پرانی معلوم ہوتی ہےپولیس کے مطابق مقتول نوجوان کو انتہائی بے دردی کے ساتھ بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا، مقتول نوجوان کے سر اور چہرے پر کند آلے کے وار کئے گئے، مقتول نوجوان کو قتل کرنے کے بعد جلانے کی کوشش بھی کی گئی، مقتول نوجوان کے سر کے عقبی حصے اور کمر پر جلنے کے نشان موجود ہیں، پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول نوجوان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیاہے۔