خیبر:دہشتگردوں کا آئل کمپنی قافلے پرحملہ،اہلکارشہید،دہشتگرد جہنم واصل

راولپڈی : ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کیا گیا جس کی شناخت قدرت شاہ ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے۔ مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو دہشت گردوں کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہا۔
ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں ایک اور واقعے میں دہشت گردوں نے علاقے میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والی نجی کمپنی کی گاڑیوں پر فائرنگ کی۔ نتیجے میں کمپنی کے دو معصوم سویلین ملازمین محمد فیصل عمر 35 سال اور آصف کامران عمر 29 سال ضلع کرک کے رہائشیوں نے شہادت کو گلے لگا لیا۔ پراجیکٹ کی حفاظت پر مامور سپاہی سید محمد شاہین شاہ عمر 33 سال، رہائشی ضلع ہنگو نے بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور علاقے کی معاشی ترقی کے لیے تعاون جاری رکھیں گی۔