کوئٹہ: نوازشریف کی سیاسی ملاقاتیں،جام کمال ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شامل

کوئٹہ:  قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے ملاقات کے بعد سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ نواز شریف کوئٹہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے بلوچستان میں دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں ۔ اس موقع پر انہوں نے مستقبل میں اشتراک عمل اور سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔ اپنی گفتگو میں نوازشریف نے کہا بلوچستان کی ترقی کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔سب کے ساتھ تعاون کا رشتہ جوڑا تھا، اس رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

بلوچستان میں ہزاروں کلو میٹر سڑکوں کے جال بچھائے کیونکہ صوبے کی ترقی ہمیشہ سے عزیز رہی ہے ۔ بلوچستان کے لئے ترقی کا جو کام ہم نے شروع کیاتھا، ہماری حکومت کے بعد وہ سفر روک دیا گیا، ہمارا شوق تھا ہماری محبت تھی ہماری فکر تھی بلوچستان کے لئے۔ ہم نے 1998 میں گوادر کی ترقی کا سفر شروع کیا تھا یہ آج اور کل کی بات نہیں ہے۔ دہشت گردی کو ہم نے مکمل طور پرختم کیا۔

بلوچستان میں 400 سے زائد چھوٹے ڈیم کے منصوبے شروع کئے۔بلوچستان اور سابق قبائلی علاقوں کے پانچ ہزار سے زائد طالب علموں کو وظائف دئیے۔تربت، خضدار، ڈیرہ مراد جمالی، پشین، گوادر، نوشکی اور وڈھ میں یونیورسٹی کیمپس کھولے۔ دریں اثنا ایکس پر شہباز شریف نے کہا بلوچستان کی ترقی کا سفر دوبارہ آگے بڑھانے کے لیے نواز شریف کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے ہیں ،پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے جسے نواز شریف نے اپنے ہر دور میں ترجیح دی۔