غزہ : غزہ کے الشفا اسپتال میں 179 لاشوں کی اجتماعی قبر میں تدفین کردی گئی ہے۔ اسرائیلی بمباری سے غزہ کے ہسپتالوں میں صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے۔ بی بی سی کے غزہ سے نامہ نگار راشدی ابو الوف کے مطابق انہوں نے غزہ شہر کے الشفا اسپتال کے اندر باقی رہ جانے والے کچھ صحافیوں سے بات کی ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک نے مجھے بتایا کہ ’اسپتال کے ایک چھوٹے سے صحن میں تقریبا 179 لاشوں کے لئے اجتماعی قبر تیار کی گئی ہے، جہاں انہوں نے تقریبا 30 لاشوں کو قبر میں رکھتے ہوئے دیکھا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’اسرائیلی بمباری کی وجہ سے اسپتال کے ایک حصے سے دوسری جانب جانا انتہائی خطرناک ہے، یہاں تک کہ لاشوں کو دفنانا بھی ناممکن دیکھائی دے رہا ہے کیونکہ ٹینک اس مرکز کے ارد گرد موجود ہیں۔ راشدی کہتے ہیں کہ جیسا کہ میں نے پہلے بتایا تھا، کل اسپتال کے احاطے کے تین اطراف میں ٹینک تھے، لیکن رات گزرنے کے بعد اب وہ مرکزی دروازے کے قریب ہیں۔
راشدے کا کہنا ہے کہ میرے ذرائع کے مطابق اسپتال انتظامیہ کا اسرائیلی حکام کے ساتھ رابطہ ناممکن دیکھائی دے رہا ہے اور ایسی صورتحال میں تیسرے فریق کی مداخلت اہم ہے اور اسپتال کو بجلی فراہم کرنے کے لیے ایندھن کے لیے مذاکرات اب نا گُزیر ہو گئے ہیں۔