بابر اعظم نے قومی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا

لاہور(اُمت نیوز) ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
بابر اعظم نے اپنے استعفے کا اعلان سماجی رابطے کی سائٹ سوشل میڈیا پر ایک بیان کے ذریعے کیا اور کہا کہ ’یہ میرے لیے مشکل فیصلہ تھا لیکن اس فیصلے میں بہتری ہے، بطور کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی جاری رکھوں گا۔
انہوں نے لکھا کہ نئے کپتان کی ہر طرح سے سپورٹ کرتا رہوں گا۔ میری کپتانی میں پاکستان نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
بابر اعظم نے کپتانی کا موقع دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ابھی بھی وہ لمحہ نہیں بھولتا جب 2019 میں مجھے کپتانی سونپی گئی تھی، میں نے اپنی کپتانی کے دوران کافی اونچ نیچ دیکھی ہے‘۔
اس سے قبل بابر اعظم کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ذکا اشرف سے ملاقات ہوئی جس میں بابر اعظم کو دورۂ آسٹریلیا کیلیے کپتان برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔