صوابی: مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، عدالت پیشی پر ان کا کہنا تھا کہ اگرعوام نے فیصلہ نہیں کرنا تو الیکشن کی کیا ضرورت ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصرکو چند روز قبل اسلام آباد سے گرفتارکیا گیا تھا،ان پر گجو خان میڈیکل کالج صوابی کے لیے طبی آلات کی خریداری میں کرپشن کا الزام ہے۔
اسد قیصر کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ محمد خلیل خان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اینٹی کرپشن نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تاہم عدالت نے اسد قیصر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ انتقامی کارروائیاں ہورہی ہیں جس وہ ڈرتے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ اختیار والوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ صاف و شفاف انتخابات چاہتے ہیں تو سب کو لیول پلائنگ فیلڈ چاہئے، اس بار الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن پلس ہے، جس کے نتائج کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔
سابق اسپیکر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے خود کو وزیر اعظم قرار دیا ہے اور اگر وہ وزیراعظم بنتے ہیں تو اسے تسلیم کون کرے گا، اگرعوام نے فیصلہ نہیں کرنا تو الیکشن کی کیا ضرورت ہے۔