ایبٹ آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پرانی جماعتیں پرانی سیاست میں لگی رہتی ہیں، کسی کو دوسری یا چوتھی باروزیراعظم بنانے سے کچھ نہیں ہوگا، کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں، پْرانے سیاستدان گھر بیٹھیں اور آرام کریں،ہمیں پرانے سیاستدانوں کو گھر بٹھانا ہوگا، اگر لاڈلہ بننا ہے تو عوام کا بنیں،وفاق میں وزیراعظم اور کے پی کا وزیراعلی جیالا ہوگا۔ ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ۔
انہوں نے کہا موجودہ مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے منشور میں ہے، ہم عوام کا مستقبل عوام کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، عوام مجھے موقع دیں،عوام کو مایوس نہیں کروں گا، ہمیں سوچنا ہو گا کیا ہمیں 70 سالہ بابے کے ہاتھ میں ملک دینا ہے؟، مہنگائی اورغربت سے عوام تنگ آچکے، ہمیں معلوم ہے ہمیں غریب آدمی کا کیسے خیال رکھنا ہے،ہمارے پاس مہنگائی اور غربت روکنے کا منصوبہ ہے جس کے لیے تمام جماعتوں کو ہمارے ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔
سیاستدانوں، بیورو کریسی اور حکومت کو زمینی حقائق کا اندازہ نہیں، انتہائی تیزی کے ساتھ مہنگائی اور غربت بڑھ رہی ہے، ملکی مسائل حل کرنا اور عوام کی خدمت کوئی مشکل نہیں بس نیت ٹھیک ہونی چاہیئے، ایک نظریہ ایک منشور ہونا چاہئے، آج کل کے مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے، مسائل سے نکلنا ہے تو نئی سیاست کی طرف بڑھنا ہوگا، نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا،نئی سیاست اور نئی قیادت کی ضرورت ہے۔