لاہور ہائیکورٹ نے بغیر لائسنس گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا، جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہاکہ لائسنس کے بغیر گاڑی روڈ پر نہ آئے،ہر چوک میں ہر سگنل پر پولیس کی نفری تعینات کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ میں لاہورکے علاقے ڈیفنس کارحادثے میں 6افراد کی ہلاکت کے واقعہ میں دفعہ 302شامل کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،عدالتی حکم پر چیف ٹریفک آفیسر اور ایس ایس پی آپریشنز عدالت میں پیش ہوئے، پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب غلام سرور عدالت میں پیش ہوئے۔
پولیس نے جواب میں کہا ہے کہ ملزم افنان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا،ڈرائیو نگ لائسنس نہ ہونے پر گاڑی کے مالک کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے،افنان کے والد کی گرفتاری کیلئے بھی رات گئے چھاپے مارے گئےہیں۔
جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہاکہ ڈیفنس کارحادثہ انتہائی افسوسناک ہے،بتائیں!لاہور میں کتنے لوگوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہے؟سی ٹی او نے کہاکہ لاہور میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد 73لاکھ ، صرف 13لاکھ افراد کے پاس لائسنس ہیں۔
عدالت نے کہا کہ بغیر لائسنس افراد میں کوئی اپنے آپ کو جج کا بیٹا، کوئی وکیل اور کوئی صحافی کہتا ہے،جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہاکہ لائسنس کے بغیر گاڑی پر نہ آئے،ہر چوک میں ہر سگنل پر پولیس کی نفری تعینات کی جائے، عدالت نے کہا کہ کم عمر گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف بلاتفرق کارروائی کی جائے۔