لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو قومی مینز کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا گیا۔ وہاب ریاض کا پہلا اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12 سے 21 جنوری تک ہونے والی 5 میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔
وہاب ریاض نے 2008 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور 27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور 1200 رنز بنائے۔سابق فاسٹ بولر 3 عالمی کپ کھیل کر ان مقابلوں میں 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر رہے۔
Wahab Riaz opens up about his appointment as chief selector and outlines his priorities in this role 🎙️🏏
More details ➡️ https://t.co/3uhDwHUhIB pic.twitter.com/qfuv0Y9Bdm
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 17, 2023
چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے اپنی باقاعدہ تقرری پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے ان پر اعتماد کیا، قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔وہاب ریاض نے کہا کہ کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک چیلنج ہے ، آسٹریلیا کا دورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے جہاں پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، اسی طرح نیوزی لینڈ کے دورے سے ہمیں آئندہ سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی، ہمارے پاس محمد حفیظ کی شکل میں اچھا ٹیم ڈائریکٹر موجود ہے اور ہم مل کر پاکستان کرکٹ کی کامیابی کے لیے کام کریں گے۔
وہاب ریاض کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی سب سے بنیادی توجہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اہمیت دیتے ہوئے آل راؤنڈ اسکواڈز کا اعلان کیا جائے، وہ کھلاڑیوں کی رائے جاننے کے لیے ہمیشہ دستیاب ہیں۔