اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان محمد یوسف کو پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد یوسف کا پہلا اسائنمنٹ8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والا انڈر19 ایشیا کپ اور تیرہ جنوری سے چار فروری تک سری لنکا میں ہونے والا انڈر 19 ورلڈ کپ ہوگا۔
محمد یوسف اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری نبھاچکے ہیں۔
محمد یوسف کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بیٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998 سے2010 تک اپنے کریئر میں 7530 ٹیسٹ رنز اور 9720 ون ڈے رنز اسکور کیے، انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال( 2006 ) میں سب سے زیادہ 1788 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے ۔
محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وہ یہ ذمہ داری سونپے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کے شکر گزار ہیں ، یہ ذمہ داری ان کے لیے باعث اعزاز ہے۔وہ انڈر19 ایشیا کپ اور انڈر19 ورلڈ کپ میں اپنی ذمہ داری نبھانے کے منتظر ہیں ۔یہ دونوں ٹورنامنٹس کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے کے لیے اہم ہیں اور امید ہے کہ ہم ان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی سینئر ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں لہذا وہ اپنا تجربہ انڈر19 سیٹ اپ میں بھی بروئے کار لائیں گے تاکہ انہیں ایسا ماحول فراہم کیا جاسکے کہ وہ انٹرنیشنل لیول تک بڑھ سکیں۔ نوجوان کرکٹرز کی مہارت کا درست استعمال پاکستان کی کرکٹ کے لیے بہت ضروری ہے لہذا وہ اس بات کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں کہ مستقبل کے اسٹارز کی شناخت ان میں بہتری اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔