تحریک نئے الیکشن کیلئے چلائی،تحفظات کو غلط رنگ دیا گیا،فضل الرحمان

پشاور (اُمت نیوز) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے تحریک نئے الیکشن کیلئے چلائی، ہمارے تحفظات کو غلط رنگ دیا گیا۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق جے یو آئی پاکستان کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا، مولانا فضل الرحمان نے اجلاس کی صدارت کی، چاروں صوبوں سے اراکین جنرل کونسل شریک ہوئے، قبائلی اضلاع، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے اراکین شوریٰ نے بھی شرکت کی۔

فضل الرحمان نے جے یو آئی کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک سازش کے تحت عدم استحکام پیدا کیا گیا، ریاست کے خاتمے کے اسباب پیدا کئے گئے، جے یو آئی نے ملکی وحدت اور یکجہتی کا راستہ اختیار کرتے ہوئے ملک اور ریاست کو بچانے کی جنگ لڑی، ہم نے ملک کے بقاء کی جنگ لڑ کر ملک دشمن قوتوں کے عزائم خاک میں ملائے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ 90 دن گزرنے کے باوجود 90 دن میں انتخابات کا مطالبہ کرنے والوں نے نئی مردم شماری اور اس کے تقاضوں کو قبول کیا، الیکشن کے حوالے سے ہمارے تحفظات کو غلط رنگ دیا گیا، ہم نے تحریک ہی نئے الیکشن کے لئے چلائی تھی، ہم نے تمام جماعتوں کو الیکشن کے انعقاد کے یک نکاتی ایجنڈے پر اکٹھا کیا، آج ہمارے خلاف پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ہم 8 فروری کے انتخابات کے لئے تیار ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل پرامن فلسطینی شہریوں پر وحشیانہ بربریت کا مظاہرہ کر رہا ہے، مغربی دنیا فلسطین کو سپورٹ کر رہی ہے، انسانیت کو بے دردی کے ساتھ کچلا جا رہا ہے لیکن نام نہاد تنظیموں اور امت مسلمہ کی خاموشی معنی خیز ہے،اسلامی ممالک کے نمائندوں اور او آئی سی کے اجلاس میں صرف قراردادوں پر اکتفا کیا گیا۔

ترجمان جے یو آئی نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے جنرل کونسل کے اجلاس میں دورہ قطر اور حماس کے لیڈروں سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔