ڈیفنس کار حادثہ، ملزم افنان 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

لاہور (اُمت نیوز) ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کی موت کے کیس میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم افنان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت ملزم افنان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
دوران سماعت پولیس نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کر لی ہیں، ملزم کی عمر کے تعین کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کروانا درکار ہے، مختلف پہلوؤں پر تفتیش درکار ہے، عدالت جسمانی ریمانڈ دے۔
ملزم کے وکیل نے کہا کہ ملزم کم عمر ہے، میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، دہشت گردی کی دفعات مقدمے سے ختم کی جائیں۔
عدالت نے ملزم کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو آپ باتیں کر رہے ہیں وہ ٹرائل کی ہیں، سچ سب کے سامنے آنا چاہیے۔
عدالت نے ملزم کے وکیل کی شکایت پر تفتیشی افسر کو کہا کہ ملزم کو ہراساں نہ کیا جائے، تفتیش میرٹ پر ہونی چاہیے جبکہ مدعی رفاقت نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قانون میں جو سزا ہے ملزم کو وہ سزا دی جائے۔
بعدازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم افنان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔