اسلام آباد(اُمت نیوز)سابق وزیراعظم مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، ہمیں اپنی سزا کا نہیں، عوام اور ملک کو ملنے والی سزا کا دُکھ ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سابق گورنر رفیق رجوانہ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، عبدالغفار ڈوگر، خواجہ عمران نزیر اور عطاء اللہ تارڑ نے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پارٹی رہنماؤں نے حلقوں میں جاری تیاریوں کے بارے میں شہباز شریف کو آگاہ کیا۔
پارٹی رہنماؤں نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو مبارکباد دی اور خوشی کا اظہار کیا جبکہ خواجہ عمران نزیر اور عطاء اللہ تارڑ نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو پھول بھی پیش کیے۔
پارٹی رہنماؤں نے سیاسی انتقام کے دور کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر پارٹی صدر کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں کے جذبات پر شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے ایک بار پھر عوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا، قیادت اور کارکنوں نے بڑی جرات و بہادری اور ثابت قدمی دکھائی، قیادت کی بے گناہی پر کارکنوں اور عوام کو یقین تھا، یہ اعتماد سب سے بڑا اثاثہ ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور عوام کی خدمت پر ناحق سزا کا سامنا کرنا اعزاز سمجھتا ہوں، ایک دھیلے کا الزام ثابت نہ ہونا عوام کی خدمت کا انعام ہے۔
انہوں کا مزید کہا کہ افسوس ہے کہ 4 قیمتی سال سیاسی انتقام میں جھونک دیے گئے، انتقامی سیاست سے قوم کے فائدے کے منصوبے، معیشت تباہ اور عوام مہنگائی کا شکار ہوگئے، ہمیں اپنی سزا کا نہیں، عوام اور ملک کو ملنے والی سزا کا دُکھ ہے۔
شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت مہنگائی کے ستائے عوام کی جیت ہوگی، مسلم لیگ (ن) کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے، پاکستان کی معاشی ترقی اولین ایجنڈا ہے، عوام کو مہنگائی سے اسی طرح نجات دلائیں گے جس طرح لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی تھی۔