غزہ: اسرائیل نے غزہ پر جارحیت کے 44 ویں دن دو پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کی جس میں 31 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ روزغزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکولوں الفاخورہ اور تل الزعترکو بمباری کرکے ملبے کا ڈھیر بنادیا تھا جبکہ آج النصریت نامی پناہ گزین کیمپ پر بھی وحشیانہ بمباری کی گئی۔
ان حملوں میں 2 صحافیوں سمیت متعدد بچے، خواتین اور بزرگ شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔ ملبے کے ڈھیر سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق رات سے جاری ان حملوں میں مجموعی طور پر31 فلسطینی شہید اور دو درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔
ان تازہ حملوں میں 31 فلسطینیوں کی شہادت سے 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہدا کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 25 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔