نوشہرہ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر صاف و شفاف الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سلیکشن ہی کرنا ہے تو پھرالیکشن کرانے کا کیا فائدہ، الیکشن سے پہلے ہی نتائج طے کرنا ہیں تو پھر الیکشن کرانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالوں نے ہمیشہ پارٹی کے لیے کوڑے کھائے، آج لیاقت شہباز کی کمی محسوس ہورہی ہے، لیاقت شہباز شہید محترمہ اور والد کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کارکنوں نے پارٹی کے لیے جدوجہد کی اور تشدد بھی سہا، محسوس ہورہا ہے خیبرپختونخوا کے جیالے جاگ چکے ہیں، خیبرپختونخوا کے جیالے الیکشن کے لیے تیار ہیں، خیبرپختونخوا کے جیالے الیکشن کا مطالبہ کررہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے جیالوں نے آمروں کا مقابلہ کیا ہے، خیبرپختونخوا نے دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا، خیبر پختونخوا نے قربانیاں دیں اور شہادتیں قبول کیں، خیبرپختونخوا کے عوام نظریے سے پیچھے نہیں ہٹے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور غربت تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، مہنگائی بڑھنے سے اسلام آباد کو کوئی پرواہ نہیں، ایک طرف معیشت دوسری طرف دہشت گردی کی لہر ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں سیاسی اور جمہوری بحران ہے، سیاستدانوں نےاپنی پوری زندگی جمہوریت کی جدوجہد میں گزاری آج وہ مایوس ہیں، لوگ پوچھ رہےہیں کیا یہ وہی جمہوریت ہے جس کا وعدہ قائد عوام نے کیا تھا۔
سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے میں اتنی تقسیم اور نفرت پہلے کبھی نہیں دیکھی، افغانستان کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں، آئینی اور جمہوری مسائل پیدا ہورہے ہیں، تمام مسائل کا حل صرف اور صرف پیپلزپارٹی نکال سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر، چیف جسٹس 8 فروری کے الیکشن کو یقینی اور شفاف بنائیں، امید ہے صاف اور شفاف الیکشن ہوں گے، اگر شفاف الیکشن نہیں ہوگا تو نقصان عوام کا ہو گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 70، 70 سال سے سیاست کرنے والے بزرگوں سے مطالبہ ہے اپنے منشور پر الیکشن لڑیں، بزرگ سیاست دان انتظامیہ کے زور پر الیکشن نہ لڑیں، پیپلزپارٹی عوام پر بھروسہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن سے پہلے رزلٹ طے کرنا ہے تو پھر ایسے الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ایک وزیراعظم بنے گا تو پھر دوسرا دھاندلی کا الزام لگا کر دھرنے شروع کر دے گا، ہمارا مقابلہ غربت اور مہنگائی سے ہے، مہنگائی، غربت، بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے، عوام کو معلوم ہے تمام مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے والوں کو کہتے ہیں جب تک غربت، مہنگائی ہے تب تک روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ رہے گا، انہوں نے نعرے لگائے کہ مانگ رہا ہے ہرانسان "روٹی‘،کپڑا اور مکان۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وعدہ ہے موقع ملا تو بھٹوازم کے تحت ملک کو چلاؤں گا، ہم مل مالکان نہیں غریبوں کو فائدہ پہنچائیں گے، ہم عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، ہم بزنس کمیونٹی کے خلاف نہیں ہیں، بزنس کمیونٹی کو اپنی ترقی میں مزدوروں کو شیئر دینا پڑے گا، اگر غریبوں کو حق نہیں ملے گا تو ترقی پھر امیروں کی ہو گی۔