اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس طارق مسعود کے خلاف شکایت متفقہ طور پر خارج کر دی ۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہونے والے سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف آمنہ ملک کی شکایت پرغور کیا گیا۔
جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف شکایت آمنہ ملک نے درج کروائی تھی، کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی اور ان کےخلاف شکایت کنندگان کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کےخلاف شکایات کا جائزہ وقفے کے بعد لیا جائے گا۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے جج، جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج کردی، انہوں نے کارروائی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
جسٹس مظاہر نقوی نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ ٹیکس حکام کی جانب سے اثاثوں پر کبھی کوئی نوٹس نہیں آیا، میرے خلاف شروع کی گئی مہم عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے، جوڈیشل کونسل نے میرے اعتراضات دیکھے بغیر آئندہ کارروائی کا نوٹس بھیج دیا۔
درخواست میں وفاق، صدر مملکت اور سپریم جوڈیشل کونسل کو فریق بنایا گیا ہے۔