لاہور (اُمت نیوز) بھارت میں ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کی شکست بھارتی کرکٹ فین برداشت نہ کر پایا اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔
اتوار کو بھارتی ٹیم آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں مسلسل اپنے 10 میچز جیت کر فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کھا بیٹھی، فائنل میں ناقص کارکردگی پر جہاں کچھ بھارتی فینز ٹیم پر برس پڑے وہیں ایک بھارتی ٹیم کے مداح نے شکست دل پر لے لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آندھرا پردیش کے شہر تروپتی سے تعلق رکھنے والا 32 سالہ سافٹ ویئر انجینئر جیوتی کمار یادیو بھارتی شکست کے بعد کپتان روہت شرما کے آنکھوں میں آنسو دیکھ کر افسردہ ہوا، اسی غم میں انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ زمین پر گر گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کمار یادیو کے دوست انہیں فوراً ہسپتال لے کر گئے لیکن ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی، ڈاکٹرز نے موت کی وجہ دل کا دورہ پڑنے کو قرار دیا۔
واضح رہے کہ عالمی ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم کے کھلاڑی فائنل میں ہار کے بعد رو پڑے تھے، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں بھارتی باؤلر محمد سراج کو روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ کپتان روہت شرما کے آنکھوں میں بھی بظاہر آنسو دکھائی دیے۔