سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر پہلی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد (اُمت نیوز) سائفر کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست ضمانت پر جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ آج پہلی سماعت کرے گا۔
جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک بینچ کا حصہ ہوں گے، رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف بنایا گیا سائفر مقدمہ خارج کیا جائے، درخواست میں وفاق اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 27 اکتوبر کو سائفر کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت مسترد کی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اخراج مقدمہ کی درخواست بھی خارج کردی تھی۔