اہم معاشی اشاریوں میں بہتری آرہی ہے، وفاقی وزیرخزانہ

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)نگران وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا ہے کہ اہم معاشی اشاریوں میں بہتری آرہی ہے۔

نگران وفاقی وزیرخزانہ، ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے ملک کے اہم معاشی اشاریوں میں بہتری آرہی ہے جس سے اقتصادی بحالی کی عکاسی ہورہی ہے، روزگارمیں اضافہ، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اورلوگوں کوغربت سے نکالنے کے منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے کی ضرورت ہے، وہ عالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے چلنے منصوبوں اور ڈونرکوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت کر رہی تھیں۔

وزیرخزانہ نے 2022 کے سیلاب کے بعدبنیادی ڈھانچہ کی بحالی کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات پربھی روشنی ڈالی انہوں نے زیادہ تاخیر کے شکار منصوبوں پرتشویش کااظہارکیا اوراس حوالہ سے وزیر اعظم آفس اور صوبائی حکومتوں کی توجہ دلانے کا وعدہ کیا۔

دریں اثناء ڈونرکوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا جاری مالی سال میں اقتصادی نموکی شرح گزشتہ سال کے 0.5 فیصد کے مقابلہ میں 2 سے لیکر2.5 فیصد تک رہنے کاامکان ہے۔

عالمی بینک، یورپی یونین، ایشیائی ترقیاتی بینک، یوایس ایڈ، یواین ڈی پی، جرمنی،جاپان، ڈبلیو ایف پی، آئی ڈی بی اور دیگرشراکت داروں کے نمائندوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب جائزہ پروزیرخزانہ کو مبارکباددی۔

وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے نیدرلینڈز کی سفیر مسزہینی دوڈی رائز نے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیاگیا۔

وزیرخزانہ نے نیدرلینڈز کی سفیر کومختلف شعبوں بالخصوص ایف بی آرکی قیادت میں ٹیکس کی بنیاد میں وسعت کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا ، سفیر نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔