دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے خواتین کے بین الاقوامی مقابلوں میں ٹرانس جینڈرز کی شرکت پر پابندی عائد کردی۔
ای ایس پی این کے مطابق آئی سی سی بورڈ کی جانب سے نئے قوانین منظور کیے گئے ہیں جن کے تحت کوئی بھی کھلاڑی جو مرد سے خاتون بنا ہو یا کسی بھی اور طرح سے مردانہ بلوغت سے گزرچکا ہو، اسے خواتین کے بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
آئی سی سی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ بےشک وہ کھلاڑی کسی سرجری یا صنفی تفویض کے علاج سے گزرکرآیا ہو، اسے شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
نئے قوانین و ضوابط ک باعث آئی سی سی کی پہلی ٹرانس جینڈرکھلاڑی ڈینیئل میک گیہی جو رواں سال کے آغازمیں انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے سامنے آئیں تھیں اب خواتین کے بین الاقوامی کھیلوں میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ڈینیئل مک گیہی نے 2020 میں اپنی جنس مرد سے عورت میں تبدیلی کروائی تھی، پھر2021 میں وہ اس حوالے سے دیگر طبی مرحلوں سے گزریں۔
میک گیہی نے جنوبی امریکی خواتین کی چیمپئن شپ میں کینیڈا کے لیے چار میچ کھیلے ہیں لیکن اس ٹورنامنٹ کو بین الاقوامی حیثیت حاصل نہیں تھی۔