شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

راولپنڈی:  شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کی گاڑی دہشت گردوں کی نصب کردہ آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان جام شہادت نوش کرگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں کرک کے 33 سالہ لانس نائیک احسان بادشاہ اور کرم کے 30 سالہ لانس نائیک ساجد حسین شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں پاک فوج کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔نگراں وزیراعظم نے 2 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انوار الحق کاکڑ نے شہید لانس نائیک احسان بادشاہ اور لانس نائیک ساجد حسین کے اہلخانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور شہداء کی بلندیِ درجات اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

نگراں وزیرِاعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاک فوج اوراداروں کی ملک کی بقاء کی خاطر قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔