اسلام آباد: ایف آئی اے نے ماڈلنگ کی آڑ میں جنسی ہراسگی میں ملوث ملزم کو گرفتارکرلیا جو خود کو ماڈلنگ ایجنسی کا مالک ظاہرکرتا تھا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ماڈلنگ کی آڑ میں جنسی ہراسگی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم دانیال مختار کلاسیفائیڈ ویب سائٹس پر ملازمت کے جعلی اشتہارات لگاتا تھا اور خود کو ماڈلنگ ایجنسی کا مالک ظاہر کرتا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم ضرورت برائے ماڈلز کے اشتہارات لگا کر خواتین کو اپنے جال میں پھنساتا تھا،اس نے متعدد خواتین سے ملازمت کے نام پر قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز کا مطالبہ کیا،جس کے بعد وہ قابل اعتراض تصاویر کی آڑ میں خواتین کو ہراساں اور بلیک میل کرتا رہا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو اڈیالہ روڈ راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا،اس کے قبضے سے موبائل فون اور قابل اعتراض مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔